2013-10-06 21:12:17

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہونیکا اعلان


آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ان کی مدت ملازمت 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے اور وہ 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے، انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ادارے، روایات اور شخصیات سے زیادہ اہم ہیں، آئین اور عوام کی رائے نے جڑیں پکڑ لی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج ملک میں جمہوریت کی مکمل حمایت کرسکتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 28 نومبر کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ گذشتہ کئی دنوں سے آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع یا ریٹائرمنٹ کے بعد اہم عہدہ دیئے جانے کے حوالے سے خبریں سامنے آرہی تھیں، تاہم آج آرمی چیف نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جمہوری حکومت کے دور میں جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں پہلے ہی ایک بار توسیع دی جا چکی ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وہ ملک کی سیاسی قیادت اور قوم کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے قومی تاریخ کے اس اہم موڑ پر ان پر اعتماد کیا لیکن وہ اس عمومی رائے سے اتفاق کرتے ہیں کہ ادارے اور روایات افراد سے کہیں زیادہ مضبوط ہوتے ہیں اور انہیں ہی فوقیت دی جانی چاہیے۔ بیان کے مطابق جنرل کیانی نے کہا ہے کہ انہیں چھ برس تک دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کا موقع ملا اور اب دوسروں کی باری ہے کہ وہ پاکستان کو ایک حقیقی طور پر جمہوری، خوشحال اور پرامن ملک بنانے کا مشن آگے بڑھائیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب جبکہ ان کی مدتِ ملازمت پوری ہو رہی ہے ملک میں جمہوری عمل جڑ پکڑ چکا ہے اور فوج اس جمہوری نظام کی مکمل طور پر حامی ہے اور اسے مضبوط کرنا چاہتی ہے۔